خبرنامہ انٹرنیشنل

مسعود اظہر کا معاملہ، چین نے بھارتی الزامات مسترد کر دیے

بیجنگ:(ملت+اے پی پی) چین نے اقوام متحدہ میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دلوانے کے معاملے میں دہرے معیار کے حوالے سے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کینگ شوانگ نے جمعرات کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ مذکورہ معاملے پر چین نے پیشہ ورانہ طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے اپنا فیصلہ کیا، مولانا مسعود اظہر کے معاملہ پر چین پر لگائے جانے والے دہرے معیار کا الزام درست نہیں کیونکہ چین اس معاملہ پر ایک موقف اختیار کر چکا اور یہ موقف اصولوں اور شواہد کی بنیاد پر ہے، کمیٹی کے اراکین کے مابین اس درخواست پر اختلاف رائے پایا جاتا ہے، ہم نے اس درخواست کے حوالے سے جو بھی اقدامات کیے ہیں وہ سیکیورٹی کونسل کے قانونی طریقہ کار کے مطابق ہیں۔ کینگ شوانگ نے کہا کہ چین اور بھارت دونوں دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے انسداد دہشت گردی کے اہداف مشترکہ ہیں اور اس شعبے میں اکٹھے کام کر رہے ہیں، ہم دہشت گردی سے لڑنے اور مشترکہ طور پر علاقائی امن و سکیورٹی کو قائم رکھنے کیلیے بھارت کے ساتھ تعاون کو وسیع کرنے کے خواہشمند ہیں، ہم بھارت کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری میں تعاون کو بہتر بنانے کو تیار ہیں۔