خبرنامہ انٹرنیشنل

مسلمان بنیاد پرستی کا سب سے بڑا نشانہ بن رہے ہیں، بانکی مون

اقوام متحدہ :(اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان سب سے زیادہ بنیاد پرستی کا نشانہ بن رہے ہیں اور اس جنون کا مقصد ہمیں مذہب، علاقے اور شہریت کے نام پر آپس میں بانٹ کر دہشت کا راج قائم کرنا ہے. مسٹر مون نے تشدد اور بنیاد پرستی پر روک لگانے سے متعلق ایک کانفرنس میں کل کہا “پر تشدد بنیاد پرستی کسی بھی مذہب، علاقے، شہریت یا گروپ سے منسلک نہیں ہے. اسلامی اسٹیٹ اور بوکو حرام جیسی تنظیموں کا مقصد لوگوں کو مختلف بنیادوں پر آپس میں لڑا کر دہشت کا ماحول پیدا کرنا ہے لیکن ہم متحد ہو کر اس طرح کی تنظیموں کے ارادوں کو ناکام کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پر تشدد انتہا پسندی سے اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی انسانی حقوق کے منشور کو براہ راست خطرہ ہے. بنیاد پرست تنظیم دنیا میں امن و سلامتی قائم کرنے، مسلسل ترقی کو فروغ دینے، انسانی حقوق کے احترام کی حوصلہ افزائی کرنے اور انسانی امداد فراہم کرنے کی اجتماعی کوششوں کو ناکام کر سکتے ہیں۔