خبرنامہ انٹرنیشنل

مسلم دنیا کو مسائل سے نکالنے کے لیے کثیر الجہتی اتحاد پر متفق

کراچی: (ملت+اے پی پی) پاکستان اور ترکی نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلیے اسلامی ممالک پر مشتمل ایک کثیر الجہتی اتحاد تشکیل دینے کے حوالے سے کوششوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اتحاد کے بنیادی مقاصد میں مختلف اسلامی ممالک کے درمیان تنازعات کا خاتمہ، ان کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا، اسلامی ممالک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلیے مشترکہ حکمت عملی بنانا، پائیدار امن کا قیام اور امت مسلمہ کی ترقی ہوگا۔ اس کثیر الجہتی اتحاد کے باضابطہ قیام کیلیے کوششوں کا آغاز او آئی سی کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا اور اتحاد کی تشکیل کے حوالے سے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان اور ترکی کی حکومتوں کی جانب سے خطوط ارسال کیے جائیں گے۔