خبرنامہ انٹرنیشنل

مشرقی افغانستان میں نیٹوکی فضائی کارروائی 12عسکریت پسند ہلاک

کابل:(اے پی پی) مشرقی افغانستان میں نیٹو کی فضائی کارروائی میں 12عسکریت پسند ہلاک ہوگئے،نورستان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی میں دو خواتین خودکش حملہ آوروں سمیت 29عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے،صوبہ جوزجان میں خاتون خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ نیٹو فضائیہ نے پکتیا اور پکتیکا میں طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔لڑاکا طیاروں نے پکتیکا کے دو اضلاع اور پکتیا کے ضلع خوش مند میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔حکام کے مطابق دونوں کارروائیوں میں 12طالبان ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔مشرقی صوبہ نورستان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی میں دو خواتین خودکش حملہ آوروں سمیت 29عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔افغان وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائی شورش زدہ ضلع ونت ویگال میں کی گئی جہاں طالبان کی کارروائیوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران نمایاں تیزی آئی ہے۔ وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیاہے کہ اس دوران 31عسکریت پسند زخمی ہوگئے۔شمالی صوبہ جوزجان میں ایک خاتون خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون نے اپنے شوہرکے کہنے پرخودکش حملے کیلئے آمادگی ظاہرکی تھی۔