خبرنامہ انٹرنیشنل

مشرقی افغانستان میں ڈرون حملےمیں 7 طالبان ہلاک

کابل ۔ 25 جون(اے پی پی) مشرقی افغانستان میں ڈرون حملے میں 7 طالبان ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے، کنڑ میں طالبان گروپوں کے درمیان جھڑپوں میں 14 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے، افغان سیکورٹی فورسز نے ملک کے مختلف علاقوں میں عسکری کارروائیوں میں 46 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ننگر ہار میں جھڑپوں میں داعش کے 30 جنگجو اور تین شہری ہلاک ہوگئے۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق گورنر ننگر ہار کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ ننگرہار کے ضلع لالپورہ میں امریکی جاسوس طیاروں نے دو مقامات کو نشانہ بنایا ۔ ان حملوں میں 7 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوگئے۔ حملے میں ایک کار ایک موٹر سائیکل اور دیگر سامان کو شدید نقصان پہنچا۔ صوبہ کنڑ میں طالبان کے درمیان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ افغان حکام کے مطابق کنڑ کے ضلع سرکانوں میں طالبان کے مختلف گروپوں کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 14 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ طالبان کی طرف سے ابھی تک اس بارے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ کابل میں افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں عسکری کارروائیوں میں 46 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ بیان کے مطابق یہ کارروائی مشرقی جنوبی اور شمالی افغانستان کے مختلف علاقوں میں کی گئی ہے۔ بیان میں اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ صوبہ ننگر ہار میں جھڑپوں میں داعش کے 30 جنگجو اور تین شہری ہلاک ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق یہ جھڑپیں ضلع کوٹ کے علاقے میں اس وقت شروع ہوئیں جب داعش کے جنگجوؤں نے سیکورٹی چیک پوسٹوں پر مربوط حملے کئے۔ حکام کے مطابق جھڑپوں میں اب تک داعش کے تین کارکن اور تین شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ 14 شہری زخمی ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔