خبرنامہ انٹرنیشنل

مشرقی افغانستان میں ڈرون حملے میں 3 عسکریت پسند ہلاک

کابل: (ملت+اے پی پی) مشرقی افغانستان میں ڈرون حملے میں 3 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ‘ قندوز میں سکھ کمیونٹی کے رہنما کو قتل کردیا گیا ۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ ننگر ہار میں امریکی جاسوسی طیارے نے ایک مشتبہ ٹھکانے پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 عسکریت پسند ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ننگر ہارکے علاقہ بھٹی کوٹ میں مارٹر حملے میں 13 شہری زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے‘ شمالی صوبہ قندوز میں سکھ کمیونٹی کے رہنماء دلسوز سنگھ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا‘ ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔وسطی صوبہ لوگر میں مختلف کارروائیوں کے دوران آرمی آفسر سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ افغان وزارت داخلہ نے کنٹر میں انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی میں داعش کے اہم راہنما کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔