خبرنامہ انٹرنیشنل

مشرقی بھارت میں زلزلے سے 2 افراد ہلاک ،70 زخمی ،برطانوی شاہی جوڑے نے جھٹکے محسوس کیے

نئی دہلی (آئی این پی)مشرقی بھارت میں شدید زلزلے کے باعث 2 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے ،برطانوی شاہی جوڑا بھی زلزلے کی زد میں آگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز مقامی وقت شام سات بج کر 25 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 70زخمی ہوگئے ۔ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت6.8ریکارڈ کی گئی زلزلے کا مرکز ہند میانمار سرحد پر 23 ڈگری شمالی عرض ا لبلد اور 94.9 ڈگری مشرقی طول ا لبلد پر سطح سے 134 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف ہراس پھیل گیا جس کے باعث لوگ گھروں کی چھتوں اور گلیوں میں نکل آئے ۔کولکتہ میں زلزلے کے بعد عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔بھارتی محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے سونامی کاخطرہ نہیں ہے ۔زلزلے کے جھٹکے بھارت کے کاجیرنگا نیشنل پارک میں بھی محسوس کیے گئے جہاں برطانوی شہزادہ ولیم اور انکی اہلیہ کیٹ دریا کنارے ایک لاج میں قیام پذیر ہیں۔برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر اسکاٹ فرسییڈون ووڈ جو اسی جزیرے میں رہ رہے ہیں کا کہنا تھاکہ شاہی جوڑے کا کہنا ہے کہ انھوں نے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے تاہم سب ٹھیک ہے ۔زلزلے کے جھٹکے بنگلہ دیش میں بھی محسوس کئے گئے ۔