خبرنامہ انٹرنیشنل

مشرقی درندے کے بعد ’ایما‘ نامی طوفان نے برطانیہ کو زد پر لے لیا

مشرقی درندے کے بعد ’ایما‘ نامی طوفان نے برطانیہ کو زد پر لے لیا

لندن:(ملت آن لائن) برطانیہ گزشتہ کئی دن سے شدید برفانی طوفان اور یخ بستہ ہواوں کی زد میں ہے۔ سائبیریا سے آنے والے اس طوفان کو’بیسٹ فرام دی ایسٹ‘ کے بعد ایما نامی طوفان نے برطانیہ کا رخ کرلیا ہے‘ ایک شخص جاں بحق ‘ ریڈ وارننگ جاری کردی گئی ۔ برطانیہ کے محکمہ موسمیات جسے میٹ ٓفس کہا جاتا ہے‘ اس نے سکاٹ لینڈ کو ریڈ وارننگ جاری کی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ طوفان کے سبب شہریوں کو زندگی کو خطرات درپیش ہیں‘ ایما نامی یہ طوفان اٹلانٹک سے اٹھا ہے اور روس کی یخ بستہ ہواؤں نے اسے مزید ٹھنڈا کردیا ہے۔ برطانیہ بھر میں سینکڑوں سکول بند ہیں اور ویلز کے کچھ علاقوں میں سکول اگلے ہفتے کو کھلیں گے۔گلاسگو اور فالکرک کے درمیان موٹروے پر رات کے دوران سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، اور پولیس کی طرف سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سکاٹ لینڈ میں سفر سے احتیاط کریں اور دیگر علاقوں میں بھی غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ سڑکوں پر متعدد حادثات ہوے اور لندن کے ایک پارک میں ایک ساٹھ سالہ شخص برف میں پھنس کر جاں بحق ہو گیا۔ ہیتھرو اور سٹی ائرپورٹ سمیت برطانیہ بھر کے ائرپورٹس پر پروازیں متاثر ہوئیں اور گلاسگو ائرپورٹ پر آپریشن بند ہونے کے بعد ریڈ کراس کی طرف سے مسافروں کو بستر مہیا کئے گئے۔ ریلوے کا نظام بھی شدید متاثر ہے، لندن انڈرگراونڈ کے مصروف ترین سٹیشن آکسفورڈ سرکس کو مسافروں کے بے قابو رش کی وجہ سے خالی کروا لیا گیا اور ٹرانسپورٹ فار لندن کی طرف سے مسافروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شام چھ بجے سے قبل اپنا سفر مکمل کریں۔ ’بیسٹ فرام دا ایسٹ‘کے بعد اب جمعرات کے روز دوسرا برفانی طوفان برطانیہ سے ٹکرا رہا ہے جسے “ایما طوفان” کا نام دیا گیا ہے۔ میٹ آفس کی طرف سے برطانیہ کے بعض علاقوں میں پینتالیس سینٹی میٹر تک برفباری کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ حکام کی طرف سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بے گھر افراد کا خصوصی خیال رکھیں اور اگر کسی بے گھر فرد کے ساتھ بچے دیکھیں یا اسے بیمار پائیں تو فورا ایمرجنسی سرورسز کو مطلع کریں تاکہ ان کیلئے رہائش اور طبی امداد کا انتظام کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ گھروں کو گرم رکھنے کیلئے برقی ہیٹر کا استعمال بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ کریں تاکہ آتشزدگی کے خطرے سے بچا جا سکے۔ یاد رہے کہ تین روز قبل محکمہ موسمیات نے برطانیہ میں 20 سے 30 سینٹی میٹر برفباری کے حوالے دو یلو وارننگز جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ شدید برفباری کا سلسلہ رواں ہفتے کے آخر تک جاری رہے گا۔