خبرنامہ انٹرنیشنل

مصراورخلیجی ملکوں کولڑانےکی سازشیں ہورہی ہیں

قاہرہ :(اے پی پی) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ بعض سازشی قوتیں مصر اور خلیجی ممالک کے درمیان تناؤ اور تنازعات پیدا کرنے کی کوششیں کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سمندری جزیروں کی سعودی عرب کو حوالگی پر سیخ پا عناصر مصر اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بگاڑنے کی سازشوں میں مصروف عمل ہیں مگر ہم ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔اقتدار سنبھالنے کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک ٹی وی انٹرویو میں مصری صدر نے کہا کہ ان کی حکومت یونان کے ساتھ سمندری حدود کی حد بندی کی کوشش کررہی ہے کیونکہ جب تک سمندری حدود کا تعین نہیں ہوجاتا اس وقت تک بحیرہ روم اور بحر احمر میں موجود اقتصادی ذخائر و معدنیات کے حصول کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھا کہ سازشی قوتیں مصر کی سرحدوں کے تعین کی کوششوں کو بھی عوامی رائے عامہ کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں اور ایسی تمام قوتیں مصر اور پڑوسی ملکوں کے درمیان تعلقات بگاڑنا چاہتی ہیں۔