خبرنامہ انٹرنیشنل

مصراور بحرین بیرونی خطرات سے مل کر لڑیں گے :صدرعبدالفتاح السیسی

قاہرہ ۔ 27 اپریل (اے پی پی)مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ 30 جون 2013ء کو ملک میں قائم ہونے والی فوجی حکومت پر خلیجی ریاست بحرین کا موقف قابل تحسین ہے۔ قاہرہ بھی بحرین کی داخلی سلامتی کو لاحق بیرونی خطرات میں بحرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنائے گا۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے دورے پر آئے بحرینی فرمانروا شاہ حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے ہمراہ قاہرہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصری صدرکا کہنا تھا کہ عرب ممالک کو یکساں نوعیت کے داخلی اور خارجی خطرات کا سامنا ہے تاہم بعض ممالک کی ذمہ داریاں عرب اقوام کی امنگوں کے حوالے سے دوسروں سے زیادہ ہیں۔قبل ازیں مصری صدر نے شاہ بحرین کی قومی اور انسانی بہبود کی خدمات کے اعتراف میں انہیں نیل ایوارڈ سے بھی نوازا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ مصری وزیرخارجہ سامح شکری اور ان کے بحرینی ہم منصب الشیخ خالد بن خلیفہ نے دونوں ملکوں کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے اور دو طرفہ وزارتی سفارتی اداروں کے قیام کی یاداشتوں پر بھی دستخط کیے۔اس موقع پر ایک نئے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت بحرین اور مصرنے دو طرفہ ٹیکسوں کی چھوٹ سے بھی اتفاق کیا۔علاقوہ ازیں باہمی تعاون کی یاداشتوں میں بحرین کے سول سروسز اور مصر کے پلاننگ ، فالواپ اور انتظامی اصلاح کے ادارے، سماجی امور میں باہمی تعاون، زرعی مہارات کے تبادلے، ثقافتی تعاون کے فروغ، صحت اور مذہبی ہم آہنگی اور میڈیا پروٹوکول میں دوطرفہ تعاون کی یاداشتیں بھی منظوری کی گئیں۔