خبرنامہ انٹرنیشنل

مصرکےساتھ تعلقات کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے،ترک وزیراعظم

انقرہ (آئی این پی)ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ مصر کے ساتھ تعلقات کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے ، دونوں مسلمان برادر ملک دوطرفہ تعلقات کو دوستانہ بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت کو محسوس بھی کررہے ہیں، شام میں جاری بحران کے کسی بھی حل میں صدر بشار الاسد کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ایک ٹی وی انٹرویو میں بن علی یلدرم نے کہا کہ شام میں امریکا کی قیادت میں جاری فوجی آپریشن کا مقصد کرد تنظیم “حمای الشعب” ملیشیا کو دریائے فرات کے مشرق میں دوبارہ قابض کرانا ہے۔شام کے بحران کے حل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ بشارالاسد کو نظر انداز کرکے شام کے بحران کو حل نہیں کیا جاسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ شام میں کوئی بھی سیاسی سمجھوتہ ملک کی تمام نمائندہ قوتوں کو شامل کرنے ہی سے کامیاب ہوسکتا ہے۔قبل ازیں ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا تھا کہ مسلح تنظیم داعش اور کردوں کی نمائندہ “حمای الشعب” کا شمالی شام میں غلبہ حاصل کرنا ترکی کے لیے باعث تشویش ہے۔ ترکی حمای الشعب کو علاحدگی پسند کردستان لیبر پارٹی ہی کا حصہ سمجھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرد تنظیم ایک طرف ترکی کی مخالف ہے اور دوسری جانب وہ شام میں دولت اسلامی داعش کی اتحادی ہے۔