خبرنامہ انٹرنیشنل

مصری ایئرلائن کاطیارہ گرکرتباہ 66افراد ہلاک

قاہرہ(آئی این پی ) مصری ایئرلائن کامسافر طیارہ پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں جہاز میں عملے کے افراد سمیت تمام 66افرادہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصری ایئر لائن کی پرواز ایم ایس 804 نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈی گال ہوائی اڈے سے قاہرہ کے لئے اڑان بھری لیکن مصر کی حدود میں داخل ہونے سے 10 میل دور ہی بحیرہ روم کے اوپر سے جہاز ریڈار سے غائب ہو گئی اور کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے میں عملے کے 10 ارکان سمیت 66افراد سوار تھے جن میں 30 مصری، 15 فرانسیسی، 2 عراقی، ایک برطانوی، ایک سعودی، ایک کنیڈین، ایک الجیرین، ایک پرتگالی، ایک کویتی، ایک سوڈانی، ایک بیلجئن اور ایک چاڈ کا بندہ شامل تھا۔مصری حکام کا کہنا ہے کہ جس علاقے سے جہاز کا ریڈار سے غائب ہوا وہاں پرجیٹ طیارے بھیج دیئے گئے ہیں جب کہ یونانی حکام سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ مصر کے وزیراعظم انجینئر شریف اسماعیل نے طیارہ لاپتہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ میں ایک شخص نے اپنی بیوی سے ملنے کے لئے قاہزہ سے اسکندریہ جانے والی ایئر ایجپٹ کی ایم ایس 181 کو ہائی جیک کر لیا تھا، بعدازاں جعلی خودکش جیکٹ پہنے ذہنی مریض شخص کو پولیس اہلکاروں نے حراست میں لے لیا تھا۔