خبرنامہ انٹرنیشنل

مصری بچےکاامتحانی پرچےمیں منفردجواب

قاہرہ: (اے پی پی) مصر کی معروف درس گاہ جامعہ الازہر کے وائس چانسلر ڈاکٹر احمد الطیب نے 11 سالہ مصری بچے اسامہ حماد کے جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے تک تعلیمی اخراجات کی کفالت کا اعلان کیا ہے۔ شمالی سیناء صوبے کے شہر الشیخ زوید کے ایک اسکول میں پانچویں جماعت میں زیرتعلیم اسامہ کو امتحانی پرچے میں لکھے گئے اپنے جملے “میری ماں فوت ہوچکی ہے اور اس کے ساتھ ہر چیز فوت ہوگئی” کی وجہ سے سوشل میڈیا پر غیرمعمولی توجہ حاصل ہوگئی تھی۔ شیخ الازہر ڈاکٹر احمد طیب کے مشیر محمد محمد عبدالسلام نے میڈیا کو بتایا کہ شیخ الازہر نے اسامہ کے تعلیمی اخراجات کی کفالت اور اس کے اہل خانہ کے لیے ماہانہ الاؤنس کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل سماجی میل جول کی ایک ویب سائیٹ پر مصر میں پرائمری لیول کے عربی زبان کے امتحانی پرچے کے ایک سوال کی تصویر پوسٹ کی گئی تھی جس میں “ماں کا اپنی اولاد پر عظیم احسان” کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔ 11 سالہ اسامہ نے اس سوال کے جواب میں یہ عبارت لکھی “میری ماں فوت ہوچکی ہے اور اس کے ساتھ ہر چیز فوت ہوگئی”۔ماں کی محبت سے محروم ہوجانے والے ننھے اسامہ کے اس جواب نے سوشل میڈیا پر بھونچال سا پیدا کر دیا ہے ۔ اس کے نتیجے میں شمالی سیناء میں وزارت تعلیم کے سکریٹری عادل عبدالمنعم نے اسامہ کو تخلیقی اظہار کے مذکورہ سوال میں 14 میں سے 11 نمبر دینے کا فیصلہ کیا جب کہ شمالی سیناء صوبے کے گورنر نے اسامہ کے خاندان کی تنگ دستی کے پیش نظر اس کا اعزاز و اکرام کرتے ہوئے ماہانہ الاؤنس جاری کر دیا۔