خبرنامہ انٹرنیشنل

مصری صدر کو فروخت کیلئے پیش کر دیا گیا

کائرو:(آئی این پی ) مصر کے صدر سابق فوجی سربراہ عبدالفتح السیسی کو آن لائن شاپنگ ویب سائٹ ای بے پر فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ، مصری صدر عبدالفتح السیسی نے محمد مرسی کا تختہ الٹ کر اقتدار حاصل کیا تھا ۔عبدالفتح السیسی کی طرف سے گزشتہ دنوں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اگر ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے انہیں خود کو بھی فروخت کرنا پڑا تو وہ گریز نہیں کریں گے ۔مصری صدر کی طرف سے یہ اعلان ترقیاتی منصوبوں کو پیش کرتے ہوئے کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا اگر میرے فروخت ہونے سے کچھ بہتری آتی ہے تو میں خود کو بیچ دوں گا ، جبکہ مصری عوام بھی پبلک فنڈز میں عطیہ دیں ۔ ان کے اس اعلان کے فوری بعد ایک ای بے صارف نے مصری صدر کے ان الفاظ کو دیکھتے ہوئے انہیں ایک تفریحی پیج پر فروخت کے لیے پیش کر دیا ۔