خبرنامہ انٹرنیشنل

مضبوط فوج کی تعمیر میں مدد کیلئے قانون کے مطابق حکمرانی کی جائے: شی چن پھنگ

بیجنگ (ملت +‌آئی این پی) چین کے صدر شی چن پھنگ نے فوج پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی شعور کو بہتر بنائے، اصلاحات پر عمل کرے اور ایک مضبوط فوج کی تعمیر میں مدد دینے کے لئے قانون کے مطابق اس پر حکمرانی کی جائے ، شی جو کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کے مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوج کمیشن (سی ایم سی )کے چیئر مین بھی ہیں ،فوجی تربیت کے ذریعے حربی تیاری کی حالت کو بہتر بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز شمالی چین کے صوبہ ہیبی میں تعینات 65ویں آرمی گروپ کے دورے کے دوران کیا ، بیرکوں کے معائنے کے دوران شی نے مسلح افواج ، مسلح پولیس فورس ، ملیشیا اور یزرو فورسز کو جشن بہاراں کی مبارکباد دی ۔چینی صدر نے 65ویں آرمی گروپ کے تحت ایک انفنٹری بریگیڈ کے ایک کمپنی کے کمرہ مطالعہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوجی اہلکاروں کو اپنے مطالعہ کے نتائج کا موازنہ کرنے کے لئے سمارٹ فون کی ایک ا پلیکیشن کو استعمال کرتے ہوئے دیکھا ۔ انہوں نے اپنے نظریات کو مستحکم بنانے کے لئے پارٹی کی نئے نظریات کو استعمال کرتے ہوئے وقت کے ساتھ چلتے ہوئے اور ملک کی شاندار روایات کو آگے بڑھانے کیلئے تمام فوجیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ شی نے چینی نئے قمری سال جو امسال 28جنوری کو شروع ہو گا کے دوران فوجیوں کے رہائشی انتظامات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ، پلاٹون کمانڈر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فوجی عشائیہ ، کھیلوں سے لطف اندوز ہونگے اور تفریحی تقریبات میں شریک ہونگے ، فوجیوں کی طرف سے گایا ہوا نغمہ سننے کے بعد شی ان کے ساتھ بیٹھ گئے ، انہوں نے پلاٹون کے ہر فوجی کے ساتھ بات چیت کی اور قائدین پر زور دیا کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ فوجی جشن بہاراں سے اچھی طرح لطف اندوز ہوں ، کمپنی کلب ہاؤس میں شی نے فوجیوں کے ساتھ تصاویر اتروائیں اور انہیں بتایا کہ نچلی سطح کے یونٹ فوج کی بنیاد ہیں ۔انہوں نے افسران پرزوردیا کہ وہ اپنے ساتھی فوجی اہلکاروں کے خیال رکھیں اور ان کے مسائل حل کریں ۔انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ نوجوان فوجی اہلکار ملازمت کے دوران ذاتی کامیابیاں بھی حاصل کر سکتے ہیں ، آرمی گروپ کے کمان اور تربیتی مرکز میں شی نے بہتر نظریاتی اور سیاسی کارکردگی کا حکم دیا اور کہا کہ گوؤ بوشیونگ اور شیو چائی ہو یو جو سی ایم سی کے دو سابق بد عنوان وائس چیئرمین تھے کے زیر اثر مشکوک افراد کی تطہیر کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ فوج کسی بھی حالات میں اور ہمہ وقت سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی اتھارٹی کو سربلند رکھے اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی اور سی ایم سی کی کمانڈ کی سختی سے پیروی کرے ۔انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی کاموں پر عملدرآمدکیا جائے اور حربی حالات میں مشقوں کے ذریعے فوج کی حربی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ فوج پر قانون کے مطابق سختی سے حکمرانی کی جانی چاہئے اور پرائمری سطح کے یونٹوں پر زیادہ توجہ دی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ فوجی مشنوں کی تکمیل کیلئے کوشش کرتے ہوئے فوج کو بیجنگ ۔ تیان جن ۔ہیبی ریجن کی مضبوط ترقی اور ملک کی غربت مٹاؤ کوششوں کی بھی حمایت کرنی چاہئے ۔