خبرنامہ انٹرنیشنل

معمر والدین کی خدمت کرنا عظیم نیکیوں میں سے ایک ہے،امام مسجد الحرام

معمر والدین کی خدمت کرنا عظیم نیکیوں میں سے ایک ہے،امام مسجد الحرام

مکہ مکرمہ(ملت آن لائن)مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہر المعیقلی نے کہا ہے کہ اسلام میں ضعیف، کمزور اور معمر افراد انتہائی قابل احترام ہیں۔ ان طبقات کا نہ صرف احترام کیا جائے بلکہ ان پر رحم کھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ متعدد احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ کمزور طبقات کی موجودگی امت کیلئے رحمت کا باعث ہے۔ ایک حدیث میں بیان کیا گیا کہ تمہیں رزق کمزوروں کی وجہ سے ہی ملتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ کمزور افراد میں بچوں کا بھی شمار ہوتا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں بچوں پر شفقت اور رحم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فتح مکہ کے موقع پر صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے بزرگ والد کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیعت کرنے لے کر آئے تھے۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بزرگ کو کیوں تکلیف دی ، میں خود ہی ان کے پاس چلا جاتا۔ سیرت طیبہ کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بچوں اور بزرگوں کے ساتھ ہمیشہ شفقت اور نرمی کا معاملہ کیا ہے۔ معمر والدین کی خدمت کرنا عظیم نیکیوں میں سے ایک ہے۔