خبرنامہ انٹرنیشنل

مغربی ممالک اپنےکام سےکام رکھیں: طیب اردوان

انقرہ (اے پی پی) ترکی نے ناکام بغاوت کے بعد اٹھائے جانے والے اقدامات پر یورپی یونین اور امریکا کی تشویش مسترد کر دی ، صدر طیب اردوان نے اپنی توہین کرنے والوں کے خلاف عائد تمام مقدمات واپس لینے کا اعلان کر دیا ، ان کا کہنا ہے مغربی ممالک اپنے کام سے کام رکھیں ۔ ترک صدر طیب اردوان نے ناکام بغاوت کے بعد گرفتاریوں ، برطرفیوں اور دیگر اقدامات پر یورپی یونین اور امریکا کی تشویش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ممالک اپنے کام سے کام رکھیں ۔ طیب اردوان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین یا مغرب دونوں میں سے کسی نے بھی ترک شہریوں یا حکومت سے ہمدردی کا اظہار نہیں کیا جو ممالک یا رہنما باغیوں کی قسمت کے حوالے سے پریشان ہیں وہ ہمارے دوست نہیں ہو سکتے ۔ دوسری طرف ترک صدر نے ذاتی توہین کے سیکڑوں مقدمات ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔ اس وقت ترکی میں صدر کی توہین کے الزام میں 2000 افراد مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں ۔ ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد فوج کے 40 فیصد جنرلز سمیت 1700 اہلکاروں کو برطرف کیا گیا ہے