خبرنامہ انٹرنیشنل

مغربی کنارا: اسرائیلی فوج نے 3 فلسطینی حملہ آور قرار دیکر شہید کر دیئے

غزہ(آن لائن) اسرائیلی فوج نے الزام لگایا کہ مغربی کنارے کے علاقے میں حملہ کرنے والے 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ دو حملہ آوروں نے بس سٹاپ پر موجود افراد پر فائرنگ کی جس پر اسرائیلی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔ اس واقعہ میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوا۔ اس حملے کے کچھ ہی دیر بعد اسی بس سٹاپ کے قریب ایک شخص نے اپنی کار اسرائیلی فوج کی گاڑی سے ٹکرا دی جس پر فوجیوں کی فائرنگ سے فلسطینی شہری مارا گیا۔ اس واقعہ میں دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔ گذشتہ سال اکتوبر سے فلسطینیوں کی طرف سے ایسے حملوں کے بعد 28 اسرائیلی اور دو امریکی شہری ہلاک ہوئے جبکہ 184 فلسطینی بھی شہید ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی پولیس کا موقف رہا ہے کہ مارے جانے والے فلسطینیوں میں سے اکثریت ایسی ہے جنہیں حملوں کے دوران جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا گیا۔ اسرائیل میں حکام کا الزام ہے کہ فلسطین کے قائدین اپنے نوجوانوں کو تشدد کے ایسے واقعات پر اکساتے ہیں لیکن فلسطینیوں کا ماننا ہے کہ بے روزگاری اور دیگر محرومیوں کے باعث نوجوان ایسے اقدامات کرتے ہیں۔ اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 5 ماہ میں 34 صہیونی ہلاک، 342 زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے 71 واقعات میں فلسطینیوں کی طرف سے یہودی آباد کاروں پر 79 حملے کیے گئے۔