خبرنامہ انٹرنیشنل

مغرب ترکی میں فوجی بغاوت کرنےوالوں کا ساتھ دےرہا ہے، طیب

انقرہ:(اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ مغرب نہ صرف دہشت گردوں کی حمایت کررہا ہے بلکہ ترکی میں فوجی بغاوت کرنے والوں کا ساتھ بھی دے رہا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بار پھر امریکا سمیت مغربی ممالک کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب دہشت گردی کی حمایت کررہا ہے اورگزشتہ دنوں ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے پیچھے بھی انہی لوگوں کا ہاتھ ہے جنہیں ہم بد قسمتی سے اپنا دوست سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی صورت ممکن نہیں کہ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کی منصوبہ بندی ملک میں کی گئی ہو اس میں یقیناً بیرونی ہاتھ شامل ہے- رجب طیب اردوان نے امریکا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملکی کے سیکیورٹی مفاد کی خاطر ترکی نے امریکا سے بغاوت میں ملوث ایک شخص کی حوالگی کا مطالبہ کیا لیکن یہ کیسے ممکن ہے کہ امریکا ترکی کا اسٹریٹجک اتحادی ہونے کے باوجود بھی اس شخص کو تحفظ فراہم کرے۔ ترک صدر نے جرمنی کے عدالتی نظام کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جرمن عدالتوں نے ان کے خطاب کو نشر نہیں ہونے دیا لیکن کرد باغیوں کے سربراہوں کو خطاب کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکی نے 4 ہزار سے زائد مطلوبہ دہشت گردوں کی فہرست جرمن حکام کو فراہم کی ہے لیکن ابھی تک اس فہرست پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔