خبرنامہ انٹرنیشنل

مغرب روس کو تنہا کرنے کی کوششیں ترک کردے، گورباچوف

ماسکو:(اے پی پی) سوویت یونین کے سابق صدر میخائل گورباچوف نے مغربی ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس کو عالمی برادری میں تنہا کرنے اور روسی شخصیات کو پابندیوں کو نشانہ بنانے کا رویہ ترک کردیں۔روسی حکومت کے اخبار ‘روسیسکا گزیاتا’ میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں سابق سوویت رہنما نے لکھا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات میں روس کا کردار بہت اہم اور مثبت ہے جسے متاثر کرنے کی کوششیں نامناسب ہیں۔85 سالہ گورباچوف نے اپنے مضمون میں موقف اختیار کیا ہے کہ روس عالمی سیاست کا ایک اہم کردار رہا ہے اور وہ کبھی بھی دنیا میں دوسرے درجے کا کردار قبول نہیں کرے گا۔اپنے مضمون میں گورباچوف نے مغربی ملکوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روس کو عالمی سیاست میں تنہا کرنے کی کوششیں ترک کردیں کیوں کہ، ان کے بقول، ماضی میں بھی ان کوششوں کا کبھی کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔سابق صدر نے کہا کہ یہی معاملہ مغربی ملکوں کی جانب سے روسی شہریوں پر عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیاں کا بھی ہے جن کا کسی کو فائدہ نہیں ہورہا ہے۔ ان کیبقول مغرب کو پابندیاں لگانے کی یہ مشق فوراً ترک کردینی چاہیے ورنہ روس اور مغرب کے درمیان اعتماد کی بحالی کا کوئی امکان نہیں رہے گا۔