خبرنامہ انٹرنیشنل

مقبوضہ کشمیر، بھارت نے پھر بدامنی کا ذمےدار پاکستان کو ٹھہرا دیا

نئی دہلی / جموں:(اے پی پی) بھارتی وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے مقبوضہ کشمیرمیں جاری بدامنی کی صورتحال کا ذمے دار ایک بار پھر پاکستان کو قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف پراکسی وار شروع کر رکھی ہے۔ وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ بھارتی وزیرخزانہ نے کہا کہ بھارت کی وحدت کو چیلنج کیا جارہا ہے اس کے پیچھے ملوث عناصر کوشکست دینے کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بدامنی پھیلانے اور کشمیری عوام کو تشدد پر اکسانے کے لیے نئے حربوں کا استعمال کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی پرکسی بھی قیمت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جب کہ پاکستان نے ایک بارپھربھارت کے خلاف جنگ شروع کردی ہے ۔ ارون جیٹلی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کومشترکہ طورپراس جارحیت کے خلاف لڑنا چاہیے، یہ ہمارے لیے ایک چیلنج ہے، 1947 اور 1965 کی جنگیں ہارنے کے بعد پاکستان نے بھارت میں دراندازی شروع کردی اور دہشت گردوں کو بھیجنے لگا، شروع میں بھارت کو اس صورتحال پر قابو پانے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس پرقابو پالیا۔