خبرنامہ انٹرنیشنل

مقبوضہ کشمیر:انتظامیہ نے سید علی گیلانی کو علالت کے باوجود مسلسل گھر میں نظر بند کر رکھا ہے

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے بزرگ حریت رہنماسید علی گیلانی کو صحت کی خرابی کے باوجود گھر میں نظر بند رکھا ہے۔ سید علی گیلانی طبی معائنے کے سلسلے میں نئی میں تقریباً ایک ماہ تک قیام کے بعد 6اپریل کو واپس سرینگر لوٹیں تھے جس کے بعد سے وہ اپنے گھر میں مسلسل نظر بند ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایاز اکبر نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ اگر متواتر نظر بندی کی وجہ سے سید علی گیلانی کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری قابض انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ دریں اثنا ترجمان نے کہا کہ قابض انتظامیہ نے ہندواڑہ میں بیگناہ شہریوں کے قتل عام کے خلاف مظاہروں کی قیادت سے روکنے کے لیے آزادی پسند رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ تیز کر لیا ہے ۔ ایاز اکبر نے کہا کہ شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک ،نعیم احمد خان، محمد اشرف صحرائی، محمد یوسف میر، محمد رمضان خان، امتیاز احمد، محمد یاسین عطائی، سید امتیاز حیدر اور بشیر احمد بٹ ، غلام نبی سمجھی، راجہ معراج الدین، محمد اشرف لایا، محمد یوسف فلاحی، سید محی الدین اندرابی فیاض احمد داس اور دیگر حریت رہنما مسلسل گھروں اور تھانوں میں نظر بند ہیں۔ترجمان نے کہا کہ غیر اعلانیہ کرفیو اور سخت پابندیوں کے باوجود ہندواڑہ قتل عام کے خلاف جگہ جگہ پر امن مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی نظر بندیا ں، کرفیو اور دیگر پابندیاں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ جبر وا ستبداد اور قتل و غارت کی ان کارروائیوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا۔