خبرنامہ انٹرنیشنل

مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2نوجوان شہید

سری نگر: (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی مظاہرے پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو نوجوان شہید ہوگئے ،پانچ شدید زخمیوں کی حالت نازک ہے، واقعے کے خلاف حریت رہنما سید علی گیلانی نے آج ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ دو کشمیری نوجوانوں کی شہادت کا یہ واقعہ مقبوضہ وادی کے شمالی قصبے ہندواڑہ میں پیش آیاجہاں نوجوانوں کا گروپ ایک لڑکی سے بھارتی بنکر میں تعینات فوجی کی جنسی زیادتی کے خلاف مظاہرہ کر رہا تھا۔ بھارتی بنکر میں تعینات فوجیوں کی براہ راست فائرنگ سے شہادتوں اور نوجوانوں کے زخمی ہونے پر عوام مشتعل ہوگئے اور بنکر کی طرف بڑھنا شروع کردیا۔ بھارتی سورما بنکر چھوڑ کر فرار ہوگئے، مشتعل نوجوانوں نے بنکر پر سے انڈین پرچم اتار دیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔ ہزاروں شہریوں نے دونوں نوجوانوں کی لاشوں کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرکاءکا مطالبہ تھا کہ واقعے میں ملوث فوجیوں کو پھانسی پر لٹکایا جائے۔ حریت رہنما علی گیلانی نے نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کی، انہوں نے بدھ کو مکمل ہڑتال کا اعلان بھی کیا،مقبوضہ کشمیر میں منگل کو بھی ہڑتال کی گئی، یہ احتجاج کشمیر سے باہر مختلف انڈین تعلیمی اداروں میں کشمیری طلبہ پر ہندوقوم پرست تنظیموں کی طرف سے کیا گیا تھا۔