سری نگر:(آئی این پی)مقبوضہ کشمیر میں سرکاری عمارت پر مسلح افراد کا قبضہ تیسرے روز بھی جاری ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے جاری آپریشن میں کیپٹن سمیت چھ فوجی ہلاک اور ایک شدت پسند مارا گیا ۔ یہ مقابلہ اس وقت شروع ہوا جب ہفتے کے روز مسلح افراد نے بھارت کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے پر حملہ کیا اور فائرنگ کرتے قر یبی عمارت میں گھس گئے جہاں ایک ٹریننگ سیشن جاری تھا۔بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ انہیں حملہ آوروں کی تعداد کا اندازہ نہیں ہے تاہم تیسرے روز بھی مزاحمت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ مارے جانے والوں میں بھارتی فوج کا ایک کیپٹن بھی شامل ہے۔ عمارت میں موجود سو سے زائد افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے۔ فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ریزرو پولیس کے پبلک ریلیشن آفیسر بھاویش کمار کا کہناہے کہ مزید نقصان سے بچنے کیلئے سیکیوریٹی فورسز محتاط انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں۔