سری نگر:(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر پاکستانی پرچم لہرا دیئے گئے، نوجوان پاکستان زندہ باد اور بھارت مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے، انڈین فوج کو نہتے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کا سہارا لینا پڑا۔ پاکستان سے محبت کشمیریوں کے جسم میں لہو بن کر دوڑتی ہے اور جب بھی انہیں موقع ملتا ہے مقبوضہ کشمیر کی فضائیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھتی ہیں۔ دارالحکومت سری نگر کے مرکزی چوک میں نقاب پوش کشمیری نوجوانوں کے گروپ نے نماز جمعہ کے بعد پاکستانی پرچم لہرا دیا اور بھارت سے آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگانے شروع کردیئے۔ بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کر ڈالی، کشمیریوں نے انڈین فوجیوں پر پتھراو کر ڈالا، سرکاری افواج نے بھی نوجوانوں پر پتھر پھینکے۔ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق رائے دہی کا برسوں سے مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن بھارت نہ صرف کشمیر پر قبضہ کئے بیٹھا ہے بلکہ یونائیٹڈ نیشنز کی قراردوں پر بھی عمل نہیں کررہا۔