خبرنامہ انٹرنیشنل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف چوتھے روز ہڑتال ،موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند

سرینگر (آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف چوتھے روز بھی ہڑتال جاری رہی۔ کرفیو کے باوجود ہزاروں افراد کا قابض فوج کے خلاف مظاہرے کا سلسلہ جاری رہا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت قیادت کو نظربند کرکے موبائیل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی۔ بھارتی مظالم کے خلاف حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کی اپیل پرمقبوضہ جموں و کشمیر میں کاروبار مکمل طور پر پر بند رہے جبکہ ہزاروں کشمیری کرفیو کے باوجود بھارتی فوج کی رکاوٹیں توڑکر سڑکوں پر نکل آئے اور قابض فوج اور مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جبکہ متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے کشیری رہنما شبیر احمد شاہ، یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماؤں کو گرفتار کرلیا، جبکہ اکثر حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظربند کردیا گیا۔ کشمیر تحریک خواتین کی رہنما آسیہ اندرابی پہلے سے گرفتارہیں۔ قابض فوج نے تحریک خواتین کشمیر کی چیئرپرین زمردہ حبیب اور دیگر درجنوں خواتین کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیا ۔ دوسری جانب ہندواڑہ میں بھی بھارتی فوج کی کشمیری لڑکی سے زیادتی کے بعد شروع ہونے والا احتجاج جاری رہا جبکہ قابض فوج کی فائرنگ میں شہدا کی تعداد پانچ گئی ہے۔ اور سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔