خبرنامہ انٹرنیشنل

ملک بھرمیں ہونےوالی جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 194ہوگئی، تر ک قائم مقام آرمی چیف

انقرہ(آئی این پی) ترکی کے قائم مقام آرمی چیف جنرل امیت دندار نے کہا کہ ملک بھر میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 194ہوگئی ، 1154 افراد زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں 41 پولیس اہلکار، 47 عام شہری، 2 فوجی افسر اور فوجی بغاوت کرنے والے 104 افراد شامل ہیں، فوجی بغاوت میں ایئرفورس، ملٹری پولیس اور آرمر یونٹس کے زیادہ تر اہلکار شامل تھے، ترکی میں فوجی بغاوت کا باب ہمیشہ کیلئے بند کردیا گیا ، بغاوت کی کوشش کے الزام میں 1563اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا،ترکی میں29کرنلزاور 5جرنلز کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا۔ تفصیلا ت کے مطابق ہفتہ کو ترکی کے قائم مقام آرمی چیف جنرل امیت دندارنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بغاوت کی کوشش کے الزام میں 1563اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیااور104اہلکار آپریشن میں مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 41پولیس اہلکاراور 47شہری بھی شامل ہیں۔ ترکی میں فوجی بغاوت کرنے پر 29کرنلز اور5جرنلز کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔بغاوت میں شامل کئی کمانڈرز کو نامعلوم جگہ پر منتقل کر دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک عوا م نے بغاوت کا باب ہمیشہ کیلئے بند کر دیا جوکبھی بھی نہیں کھلے گا۔ فوجی بغاوت کی کوششوں کے دوران 90افراد ہلاک جبکہ1154افراد شدید زخمی ہوگئے۔