خبرنامہ انٹرنیشنل

موجودہ صورتحال میں عالمی معیشت کی بحالی آسانی سے ممکن نہیں،چین

وینہ ڈیلمر (ملت + آئی این پی) چین نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عالمی معیشت کی بحالی آسانی سے ممکن نہیں،تجارتی تحفظ پسندی اور عالمگیریت مخالف رجحانات سامنے آئے ہیں۔عالمی تجارت کی شرح نمو عالمی معیشت کے مقابلے میں مسلسل پانچ برسوں سے زوال کا شکار ہے، ایشیا بحرالکاہل خطے میں ترقی کے امکانات زیادہ ہیں ۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق ایشیا بحرالکاہل خطے میں معاشی یکجہتی کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس چلی کے ساحلی شہر وینہ ڈیلمر میں اختتام پزیر ہو گیا ہے اجلاس میں لاطینی امریکہ سے متعلق امور کے حوالے سے چین کے خصوصی نمائندے این ہنگ مین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ چین نے ہمیشہ خطے میں معاشی یکجہتی اور مشترکہ تعاون کے فروغ کے لئے کوشش کی ہے ۔ موجودہ صورتحال میں عالمی معیشت کی بحالی اتنی آسانی سے ممکن نہیں ۔تجارتی تحفظ پسندی اور عالمگیریت مخالف رجحانات سامنے آئے ہیں۔عالمی تجارت کی شرح نمو عالمی معیشت کی شرح نمو کے مقابلے میں مسلسل پانچ برسوں سے زوال کا شکار ہے لیکن ایشیا بحرالکاہل خطے میں ترقی کے امکانات زیادہ ہیں۔نئی صورتحال میں نئے چیلنجز سے نمٹتے ہوئے چین کی جانب سے خطے میں معاشی تعاون کے حوالے سے چار نکاتی تجاویز پیش کی گئیں۔ جن میں اقتصادی عالمگیریت کی مضبوط حمایت ، تجارتی تحفظ پسندی کی مخالفت ، ایشیا بحرالکاہل خطے میں معاشی یکجہتی اور خطے میں باہمی روابط کا فروغ شامل ہیں۔چینی مندوب نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ رواں برس مئی میں چین میں منعقد ہونے والے دی بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم کے انعقاد سے خطے میں معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔