خبرنامہ انٹرنیشنل

مودی پرقاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنیوالے 3 افراد گرفتار

نئی دلی:(ملت+اے پی پی) بھارتی تحقیقاتی ادارے ( این آئی اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے القاعدہ کے 3 سرگرم ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ادارے (این آئی اے) اور پولیس نے مختلف شہروں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 3ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے جنہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سمیت ملک کے 22 اعلیٰ رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان مختلف ممالک کے سفارتخانوں کو دھمکیاں دینے میں بھی ملوث ہیں جب کہ ان افراد کی شناخت عباس علی، آصف سلطان محمد اور محمد کریم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ این آئی اے نے خفیہ اطلاع پر جنوبی ریاست تامل ناڈو میں کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا جب کہ پولیس نے زیرحراست ملزمان پر مختلف عدالتوں میں دھماکوں کا بھی الزام عائد کیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کس عدالت میں اور کب دھماکے کئے گئے۔