خبرنامہ انٹرنیشنل

مودی کا دورہ سعودی عرب پاکستان پردباؤبڑھانے کی کوشش ہے ،بی جے پی عہدیداران کا دعویٰ

نئی دہلی(آئی این پی )بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا سعودی عرب کا دورہ ایک وسیع تر سفارتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد اسلام آباد کے قریب ترین اتحادیوں میں سے کچھ کے ساتھ تعلقات قائم کرکے پاکستان پر دبا بڑھانا ہے۔بھارتی اور غیر ملکی میڈیاکے مطابق مودی کے دورہ سعودی عرب کے دوران تجارتی معاہدوں پر دستخط کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر منصوبوں میں محفوظ سرمایہ کاری کے معاہدوں ، تربیتی اور مشترکہ مشقوں سمیت سیکیورٹی معاملات کے ساتھ ساتھ عسکری تعاون کی پیشکش کے امکانات ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی، یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب کچھ ماہ قبل انھوں نے پاکستان کے ایک اور اتحادی متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا، جس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان سیکیورٹی معاملات کے تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں اعلی سطح کے سیکیورٹی مشیروں کی باقاعدگی سے ملاقاتوں کا معاہدہ بھی شامل تھا۔مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری رام مادھیو کا کہنا تھاکہ’یہ بہت آسان ہے، ہمیں پاکستان کو ڈیل کرنے کے لیے سب کچھ کرنا پڑے گا اور اسلام آباد کے دوستوں کے دل جیتنے کے لیے معاشی، حکمت عملی اور جذباتی تعلقات کا سہارا لینا پڑے گا۔پاکستان کے اتحادی جیسے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ مضبوط تعلقات کی بنا پربھارت کو عالمی اور علاقائی فورمز پر مزید ہمدردیاں حاصل ہوں گی، جس کی وجہ سے پاکستان پر دبا بڑھے گا۔