خبرنامہ انٹرنیشنل

مودی کی غلط پالیسیاں: بھارت عالمی سطح پر تنہا: ملائم سنگھ

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) سابق بھارتی وزیر دفاع اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادیو نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہورہا ہے، بھارت میں عوام کو اتنا پریشان کبھی نہیں دیکھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملائم سنگھ یادیو نے کہاکہ کرنسی نوٹ بندی کے معاملہ نے سو سے زائد افراد کی جان لے لی ہے۔ یہ بھارتی عوام کے لئے لمحہ فکریہ ہے ملائم سنگھ نے پارٹی کی جانب سے مودی سرکار کے مستعفی ہونے کے بارے میں پارٹی اجلاس میں کہا ہے کہ مودی سے استعفی کا مطالبہ کرنے جارہے ہیں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھاکہ پاکستان بھارت کے درمیان تناؤ کے زمہ دار مودی ہیں۔ بھارت کے عوام امن چاہتے ہیں۔ دنگا فساد کے ہم حامی نہیں ہیں۔ بھارت میں مودی نے وہ کچھ کردیا ہے جس کا تصور ملک کے دشمن بھی نہیں کریں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ مودی نے جو آگ لگائی ہے اس میں وہ خود جلے گا البتہ ہماری پارٹی نے ملک بھر میں مودی کے خلاف آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہلی اسلام آباد کے رابطے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ رابطے بڑھنے میں فائدہ ہے۔بھارت میں مسلمانوں کا مستقبل اچھا ہے ان کے لئے نئی راہیں نکل رہی ہیں۔ عدلیہ مسلمانوں کے حق میں فیصلے دے رہی ہے۔ایک اور سوال کے حوالے سے ملائم سنگھ نے کہا کشمیر میں مسلسل کرفیو لگا رہنا بھارت کی بدنامی ہے۔