خبرنامہ انٹرنیشنل

مودی کی گریجویشن کی ڈگری جعلی ہے:عام آدمی‘ کا دعویٰ

، نئی دہلی (آئی این پی )بھارت کی عام آدمی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر سنگھ مودی نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کی جو ڈگری لی وہ جعلی ہے تاہم حکمران بی جے پی نے اس الزام کی تردید کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجری وال نے دہلی یونیورسٹی کو خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ وزیراعظم مودی سے منسوب ڈگری کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر عام کریں۔مودی کا کہنا ہے کہ انھوں نے 1978میں دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا تھا۔ ان کی ڈگری پر ان کا نام نریندر دامودر مودی درج ہے۔ اسی ڈگری کی بنیاد پر مودی نے 1983 میں گجرات یونیورسٹی سے ماسٹرز کیا۔عام آدمی پارٹی کا دعویٰ ہے کہ 1978 میں کسی نریندر دامودر مودی نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن نہیں کیا۔ البتہ نریندر مہاویر مودی نامی ایک طالب علم نے گریجویشن کیا تھا۔بھارتی میڈیا نے نریندر مہاویر مودی سے رابطہ کیا تو اس نے تصدیق کی کہ وہ 1975 سے 1978 کے درمیان دہلی یونیورسٹی کا طالب علم رہا۔نریندر مہاویر کا تعلق راجستھان سے جبکہ وزیراعظم مودی کا تعلق گجرات سے ہے۔ گجرات یونیورسٹی نے تصدیق کر دی ہے کہ نریندر مودی نے 1983 میں ایم اے کیا تھا مگر دہلی یونیورسٹی نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا۔