نئی دہلی (آئی این پی ) سابق بھارتی وزیر چدم برم بھی مودی سرکار کے خلاف برس پڑے ،انکا کہنا تھاکہ بی جے پی کے اقتدار میں بھارتی معاشرہ بد ترین تقسیم کی طرف جا رہا ہے ، مسلمان ، نچلی ذات کے ہندو اور عام شہری عدم تحفظ کا شکار ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سابق وزیر داخلہ اور کانگریس پارٹی کے رہنما پی چدم برم ایک بار پھر مودی سرکار پر پھٹ پڑے ہیں ، نئی دہلی میں اپنی نئی کتاب کی رونمائی کے موقع پر پی چدم برم کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کا دور حکومت معاشرے میں طبقاتی اور مذہبی تقسیم کے حوالے سے بد ترین ہے۔بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارتی معاشرہ بری طرح بٹ چکا ہے، انہوں نے دادری میں مسلمان شخص کے قتل ، حیدر آباد یونیورسٹی میں دلت طالب علم کی خود کشی اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طلبہ کے احتجاج کے خلاف حکومتی طرز عمل پر بھی تنقید کی۔کتاب رونمائی کی تقریب میں سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ ، کانگریس رہنما راہول گاندھی اور ششی تھرور بھی موجود تھے۔