خبرنامہ انٹرنیشنل

موصل ؛ آپریشن میں تیزی لائی جا رہی ہے،عراقی وزیراعظم

بغداد : (اے پی پی) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ موصل کو داعش سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق بغداد میں کابینہ کی میٹنگ میں وزیر اعظم حیدرالعبادی نے بتایا کہ موصل کو آزاد کرانے کے آپریشن میں عراقی افواج بہت تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ القیارہ میں داعش کے سینکڑوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں ۔ عراقی وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ اسی طرح فلوجہ کے نزدیک بھی داعش کے سینکڑوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بغداد کے علاقے الکرادہ اور البلد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد صحرائے الانبار میں داعش کے ہزاروں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم حیدرالعبادی کا کہنا تھا کہ الکرادہ کے دہشت گردانہ حملے اور اس کے بعد افواہیں پھیلاکر داعش موصل کو آزاد کرانے کے آپریشن کو رکوانا چاہتا تھی لیکن اپنے اس مقصد میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے ملکی سیاسی جماعتوں اورعوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی و بھر پور تعاون کو جاری رکھیں تاکہ موصل میں جلد کامیابی حاصل کر لیں۔