خبرنامہ انٹرنیشنل

مکہ اجلاس،عرب ممالک کا اردن کیلئے2.5 ارب ڈالر امداد کا اعلان

مکہ اجلاس،عرب ممالک کا اردن کیلئے2.5 ارب ڈالر امداد کا اعلان

پانچ برس تک اردن کے سرکاری بجٹ کو سپورٹ کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ بحرانی حالت میں مدد کرنے پر اردن کے شاہ عبداللہ نے برادر ملکوں کا شکریہ ادا کیا

ریاض(ملت آن لائن)خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مکہ میں طلب کیے گئے عرب ممالک کے اجلاس میں اردن کے لیے 2.5 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے ۔ عرب میڈیا کے مطابق اردن معاشی بحران کے حل کے لیے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں چار عرب ممالک کا اہم اجلاس اتوار کی شام مکہ مکرمہ میں ہوا، اجلاس میں اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم، امیرِ کویت الشیخ صباح الاحمد الصباح اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر الشیخ محمد بن راشد نے بھی شرکت کی۔شرکاء نے تفصیلی گفت و شنید کے بعد اردن کے لیے 2.5 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج پر اتفاق کیا ۔ اجلاس میں پانچ برس تک اردن کے سرکاری بجٹ کو سپورٹ کرنے اور اردن میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقوم پیش کرنے کے پر اتفاق کیا گیا۔عرب ممالک کی جانب سے بحرانی حالت میں مدد کرنے پر اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم نے خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا اور کویت اور متحدہ عرب امارات کی کاوشوں کو بھی سراہا۔