خبرنامہ انٹرنیشنل

مہاجرین سے متعلق ڈیل، تارکین وطن کی یونان سے ترکی منتقلی کا سلسلہ جاری

ایتھنز(آئی این پی)یورپی یونین اور ترکی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت ترکی سے یونان پہنچنے والے غیرقانونی تارکین وطن کی دوبارہ ترکی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے،200 سے زائد افراد کو یونانی جزائر سے دوبارہ ترکی منتقل کردیا گیا، یونان بدر کیے گئے ان افراد میں سے زیادہ تر پاکستانی شہری تھے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابقیورپی یونین اور ترکی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت ترکی سے یونان پہنچنے والے غیرقانونی تارکین وطن کی دوبارہ ترکی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔حکام کے مطابق یونانی جزائر پر حراستی مراکز میں موجود تارکین وطن کو بحری جہازوں پر سوار کر کے ترکی بھیجا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز ترکی بھیجے گئے 202 افراد میں سے 130 پاکستانی، 42 افغان، 10 ایرانی، چار سری لنکن اور تین بنگلہ دیشی شہری تھی۔ اس کے علاوہ چند افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی واپس ترکی بھیجا گیا ہے۔ اسی ڈیل کے تحت ترکی میں موجود شامی مہاجرین کو قانونی طور پر یورپی ممالک میں بسانے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز 32 شامی مہاجرین کو ایک طیارے کے ذریعے شمالی جرمن شہر ہینوور لایا گیا۔