ینگون(اے پی پی)50 سال سے زائد عرصے کے بعد میانمارکے پہلے منتخب سویلین صدر ہیٹن کیائو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ میانمار کی سیاسی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ڈی ایل) کے رہنما ہیٹن کیائو نے صدر تھین سین کی جگہ صدارت کا عہدہ سنبھالا ہے ان کا شمار پارٹی کی سربراہ آنگ سان سوچی کے معتمد خاص میں ہوتا ہے اور وہ سوچی کے ڈرائیور بھی رہ چکے ہیں۔ آنگ سیان سوچی نے وزیر خارجہ نے حلف اٹھایا۔ صدر تھین سین نے اپنے گذشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں وسیع پیمانے پر سیاسی اصلاحات متعارف کروائی تھیں۔ این ڈی ایل کی مرکزی رہنما آنگ سان سوچی قانونی طور پر صدر کے عہدے پر فائز نہیں ہو سکتیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ پس پردہ رہ کر ملک کی رہنمائی کریں گی۔ گذشتہ سال نومبر میں ہونے والے انتخابات میں این ڈی ایل کی بھاری اکثریت کے ساتھ فتح کے بعد اب قیادت کی منتقلی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ کئی دہائیوں کے عسکری دور حکومت کے خاتمے کے بعد 2011ء میں تھین سین نے ایک نیم سویلین حکومت کے صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا تھا۔ میانمار میں سیاسی اصلاحات شروع کرنے کے عمل کا آغاز صدر تھین سین نے ہی کیا تھا۔ سوچی کو وزارت خارجہ کے علاوہ تعلیم اور بجلی و پانی کی وزارتوں کے قلمدان بھی سونپے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ وزیر برائے صدارتی دفتر کی ذمہ داریاں بھی ادا کریں گی۔ سوچی کے علاوہ 17 دیگر وزراء نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔