واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکی صدر کی صاحبزادی اور اپنے والد کی انتظامیہ میں مشیر کا عہدہ رکھنے والی ایوانکا ٹرمپ نے نجی ای میل اکاؤنٹ کو استعمال کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا موازنہ سابق امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ ہیلری کلنٹن کے نجی ای میل سرور سے نہیں کیا جاسکتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی نے امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ’میری تمام ای میل موجود اور محفوظ ہیں اور ان میں سے کسی کو ڈیلیٹ نہیں کیا گیا‘
خیال رہے کہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے رواں ماہ رپورٹ کیا تھا کہ ایوانکا ٹرمپ نے گزشتہ برس اپنے ذاتی ای میل اکاؤنٹ سے وائٹ ہاؤس کے ساتھیوں، کابینہ اراکین اور اپنے معاون کو حکومتی کاموں سے متعلق سینکڑوں ای میل کیں، جن میں سے متعدد پبلک ریکاڑڈ قوانین کے خلاف ہے۔
ایوانکا ٹرمپ نے کہا کہ ’ذاتی ای میل اکاؤنٹ کے استعمال میں کوئی پابندی نہیں ہے‘، حتیٰ کہ ہمیں یہ ہدایات ہیں کہ اگر ہمیں اپنے ذاتی اکاؤنٹ پر حکومتی کام سے متعلق کوئی ای میل موصول ہوتی ہے تو آپ اسے اپنے حکومتی اکاؤنٹ پر فارورڈ کریں تاکہ وہ محفوظ رہ سکے‘۔
یاد رہے کہ ہیلری کلنٹن نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں بطور اعلیٰ امریکی سفیر نیویارک کے علاقے چھاپاقوا میں اپنے گھر میں نجی سرور سے منسلک ذاتی ای میل اکاؤنٹ کا استعمال کیا تھا۔
اس حوالے سے ایف بی آئی کو تحقیقات میں کچھ ای میلز سے اہم معلومات ملی تھیں جو انہوں نے نجی سرور سے بھیجی یا موصول کی گئی تھی۔
ہیلری کلنٹن کی جانب سے نجی ای میل سرور کے استعمال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور 2016 کے صدارتی انتخابات کے دوران امریکی صدر نے انہیں ’بے ایمان ہیلری‘ سے پکارا اور متعدد مرتبہ یہ تک کہا کہ ہیلری کلنٹن کو جیل میں ہونا چاہیے۔
ساتھ ساتھ انہوں نے اپنی ریلیوں کے دوران امریکی صدر نے یہ تک کہا کہ ہیلری کلنٹن کو ’ لاک اپ کردینا‘ چاہیے۔
انٹرویو کے دوران جب ایوانکا ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ ’ لاک اپ کے مشورہ کیا آپ پر لاگو نہیں ہونا چاہیے؟ جس پر انہوں نے ’نہیں‘ میں جواب دیا۔