خبرنامہ انٹرنیشنل

میکسیکو: تعلیمی اصلاحات کےخلاف اساتذہ کا احتجاج

میکسیکو سٹی:(اے پی پی) ریاست اوکساکا میں تعلیمی اصلاحات کے خلاف اساتذہ اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ میکسیکو کی جنوبی ریاست اوکساکا کے شہر آسنیان میں اساتذہ یونین کے اہم رہنماؤں کی گرفتاری اور تعلیمی اصلاحات کے خلاف مظاہرہ کیا جا رہا تھا اور مظاہرین نے جنوبی میکسیکو کی مرکزی شاہراہ بلاک کر رکھی تھی۔ پولیس نے مظاہرین کو شاہراہ سے ہٹانے کی کوشش کی تو نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور پولیس اہلکاروں سمیت 100 افراد زخمی ہو گئے۔ دو روز قبل میکسیکو کی سرکاری آئل ریفائنری پیمکس نے اوکساکا ریاست کی مرکزی شاہراہ نہ کھلنے کی صورت میں کمپنی بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔ میکسیکو میں اساتذہ یونینز کی جانب سے 2013 میں پیش کی گئی تعلیمی اصلاحات کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ یونینز کا کہنا ہے کہ ان کے رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے الزامات سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے ہیں۔