خبرنامہ انٹرنیشنل

میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 32 لاشیں اور 9 سر برآمد

میکسیکوسٹی: (ملت+اے پی پی) شمالی امریکی ملک میکسیکو کی ریاست گوریرو میں ایک قبر سے 32 افراد کی لاشیں اور 9 کٹے ہوئے سر برآمد ہوئے ہیں۔ شمالی امریکی ملک میکسیکو جو کہ دنیا بھر میں ڈرگ مافیا کی آماجگاہ کے نام سے جانا جاتا ہے اور جہاں آئے روز قتل و غارت گری کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، اسی طرح کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ میکسیکو کی ریاست گوریرو میں پیش آیا جہاں پولیس نے ایک قبر سے 32 افراد کی مسخ شدہ لاشیں اور 9 کٹے ہوئے سر برآمد کئے۔ ریاست کے سیکیورٹی ترجمان کے مطابق لاشیں 31 مرد اور ایک خاتون کی ہیں جو کہ انتہائی بری حالت میں ہیں، تمام لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم تحقیقات کی جارہی ہیں جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ میکسیکو دنیا کے خطرناک ترین ڈرگ اسمگلرزاور منشیات فروشوں کا گڑھ مانا جاتا ہے جب کہ یہاں ماضی میں منشیات فروشوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان کئی خونی مقابلے بھی ہوچکے ہیں۔