ابوجا(آئی این پی )نائجیریا میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی طرف سے دہشت گردانہ حملہ کرنے کے لئے بھیجی جانے والی ایک خودکش حملہ آور لڑکی نے آخری لمحے اپنا ارادہ بدل دیا اور خود کو سرکاری فوج کے حوالے کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائجیریا میں بوکو حرام کی ایک خودکش بمبار لڑکی نے حملے سے قبل آخری لمحے میں اپنا ارادہ بدل دیا اور خود کو سرکاری حکام کے حوالے کردیا۔اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں نے ایک لڑکی کو خود کش حملہ کرنے کی تربیت دی تھی۔ لیکن خوف زدہ لڑکی نے خودکش بیلٹ اتارکر خود کو فوجیوں کے حوالے کر دیا۔ لڑکی نے انہیں دکھایا کہ دھماکہ خیز مادے کہاں رکھے گئے اور بوکو حرام کے آئندہ دہشت گردانہ حملوں کے منصوبوں کے بارے میں بتایا ہے ۔۔اس لڑکی کے ساتھ دو اور لڑکیوں کو بھی حملہ کرنے کی تربیت دی گئی تھی ان کی طرف سے کئے گئے حملوں کے نتیجے میں تقریباً 60 افراد ہلاک ہو گئے۔