خبرنامہ انٹرنیشنل

نائجیریا میں مزید 21 مغوی طالبات کو بازیاب کرا لیا گیا

ابوجا ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) نائجیریا کے شہر چیبوک سے اغوا کی جانے والی مزید21 طالبات کو رہا کروا کر انھیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ان لڑکیوں کو شدت پسند جنگجو گروپ بوکو حرام نے اغوا کیا تھا۔نائجیریا کے وزیر اطلاعات لائی محمد نے کہا کہ رہائی باقی تمام لڑکیوں کی رہائی کے متعلق پہلا قدم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب ہم بات چیت کے دوسرے مرحلے میں ہیں تاہم یہ بہت نازک معاملہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ان لڑکیوں کی رہائی کس طرح ممکن ہوئی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مزید لڑکیوں کی رہائی کے لیے بات چیت جاری ہے۔ دارالحکومت ابوجا میں منعقدہ ملن کی اس جذباتی تقریب میں ایک لڑکی نے کہا کہ انھیں 40 دنوں تک بغیر کھانے کے گزارہ کرنا پڑا اور ایک بار تو وہ موت سے بال بال بچیں۔ خیال رہے کہ اپریل 2014 ء میں 276 لڑکیوں کو اغوا کیا گیا تھا جن میں سے ابھی تک 197 لڑکیاں لا پتہ ہیں۔