ابوجا ۔(اے پی پی) نائجیریا کی فضائیہ کے سابق سربراہ ایلکس بادے نے فضائیہ کے فنڈز سے دو کروڑ ڈالر چرانے اور اس رقم سے ایک پرتعیش مینشن خریدنے کے پر الزام کو مسترد کر دیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کے نائجیریا کے ریٹائرڈ چیف مارشل ایلکس بادے نے خْورد برد کے دس الزامات، اعتماد کو مجرمانہ حد تک ٹھیس پہنچانے اور کالے دھن کو سفید کرنے کے الزامات سے انکار کیا ہے۔ایلکس بادے پر الزام ہے کہ انھوں نے فضائیہ کے فنڈزسے چرائی ہوئی رقم سے دارالحکومت ابوجا میں ایک بڑا گھر خریدنے کے علاوہ کئی دیگر مکانات اور عمارتیں بھی خریدیں۔ مبینہ طور پر دس لاکھ ڈالر سے زیادہ کی رقم ان کے ایک گھر سے بھی برآمد ہوئی تھی۔واضح رہے کہ گذشتہ دسمبر میں نائجیریا کے قومی سلامتی کے مشیر سامبو دسوکی کے خلاف بھی مقدمہ قائم کیا گیا تھا ان پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے دور میں ہیلی کاپٹر، جنگی جہاز اور گولہ بارود خریدنے کے بڑے بڑے جعلی ٹھیکے بھی منظور کیے تھے۔