واشنگٹن ۔ (اے پی پی) امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کو مریخ مشن کے لیے 18 ہزار امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوگئیں ۔ ’ناسا‘ نے دسمبر میں مستقبل کے خلانوردوں سے درخواستیں طلب کرنے کا اعلان کیا تو یہ توقع نہیں تھی کہ اْسے 18 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوں گی۔ پچھلے ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ سنہ 2012ء میں چار ہزار کے قریب، جب کہ 1978 میں 8 ہزار افراد نے درخواستیں دی تھیں۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ناسا کے منتظم اعلیٰ، چارلی بولڈن نے کہا ہے کہ ان کے لیے یہ بات کسی طور پر حیران کْن نہیں ہے کہ مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے امریکیوں کی اتنی بڑی تعداد مریخ کے آزمائش طلب سفر کے سلسلے میں میں حصہ لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ خلانورد کے طور پرِ اس گروپ کے لیے چند انتہائی باصلاحیت مرد و خواتین کو چْنا جائے گا جنھیں امریکی سرزمین سے پرواز بھرنے والے امریکی ساختہ خلائی گاڑی میں خلا بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ادارہ اِن درخواست دہندگان میں سے 8 سے 14 افراد تک کے چناؤ کے کام کا آغاز کرے گااور اس سلسلے میں آئندہ سال اعلان کیاجائے گا۔ ٹیکساس میں قائم جانسن سپیس سینٹر پر فلائیٹ آپریشنز کے سربراہ نے کہا ہے کہ اتنی تعداد میں درخواستیں موصولی ہمارے لئے ایک امتحان ہے۔