خبرنامہ انٹرنیشنل

نریندر مودی کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ۔اختلافی امور پر تعمیری طریقہ کارکو اپنانا ہوگا،چینی صدر

بیجنگ ۔ 04 ستمبر (اے پی پی) بھارت کے وزیر اعظم نریندرامودی نے اتوار کو چین کے شہر ہوانگ ژو میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملاقات دنیا کے 20بڑے صنعتی ممالک کی تنظیم جی 20کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندرامودی نے چینی صدر کو بتایا کہ بھارت اورچین اورایک دوسرے کی امنگوں اورضروریات کے حوالے سے حساسیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ چین اوربھارت کے درمیان شراکت داری نہ صرف خطے بلکہ دنیاء کیلئے بھی اہمیت کی حامل ہے۔دونوں لیڈروں کے درمیان ملاقات ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب چین اوربھارت کے درمیان کئی امورپر اختلاقات موجود ہیں۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ چینی صدر نے بھارتی وزیراعظم کو بتایاکہ ہمیں ایک دوسرے کی تشویش کو احترام دیناہوگااوراختلافی امور پر تعمیری طریقہ کارکو اپنانا ہوگا۔دونوں لیڈروں کے درمیان ملاقات آدھے گھنٹے تک جاری رہی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔