خبرنامہ انٹرنیشنل

ننگرھاراورنورستان میں جھڑپوں کےدوران 300 جنگجو ہلاک

کابل : (اے پی پی) مشرقی افغانستان کے صوبوں ننگرھار اور نورستان میں جھڑپوں کے دوران 300کے لگ بھگ جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ، جلال آباد میں خود کش حملے کے نتیجہ میں 3افراد ہلاک اور 17سے زائد زخمی ہوگئے ، بدخشان میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں 10طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے۔ میں افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل میں افغان سیکیورٹی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان کے مشرقی صوبے صوبہ ننگرھار اور ملحقہ علاقوں میں دولت اسلامیہ سے وابستہ جنگجوؤں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ اس کارروائی میں افغانستان اور اتحادی افواج نے حصہ لیا ۔ حکام کے مطابق ننگرھار کے ضلع کوٹ اور آچین میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کاررائیوں میں داعش کے 225جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ حکام نے بتایا کہ آپریشن کے باعث 500 خاندان علاقے سے نقل مکانی کر گئے ہیں جبکہ جنگجوؤں نے 100مکانات کو جلا دیا ۔ ننگر ھار کے دارالحکومت جلال آباد میں ہفتہ کو ایک خود کش حملے میں 3 افراد ہلاک اور 17سے زائد زخمی ہوگئے ۔ افغان حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز ننگر ھار کے تھرڈ پولیس ڈسٹرکٹ میں ایک خود حملہ آور نے صوبائی رہنما اور داعش کے خلاف مہم میں شامل ایک اہم قبائلی شخصیت حاجی حیات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ، حکام نے بتایا کہ بم دھماکے کے نتیجہ میں 3افراد ہلاک اور 17سے زائد زخمی ہوگئے۔ ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی زمہ داری قبول نہیں کی۔ صوبہ بدخشان میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 10طالبان جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔افغان حکام کے مطابق جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب طالبان عسکریت پسندوں نے ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ، قریبی صوبہ نور ستان میں سیکیورٹی فورسز نے کاررائیوں کے دوران 70عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ نورستان کے گورنر عبدالقیوم نے میڈیا کو بتایا کہ نورستان کے علاقوں کامدیش اور محلقہ علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کاررائیاں جاری ہیں اور اب تک 70عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے ۔ ان کارروائیوں میں فضائیہ نے بھی حصہ لیا۔ افغان حکام بیشتر اوقات کارروائیوں میں طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچانے کے دعوے تو کرتے ہیں تاہم آزادانہ ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوتی ۔