خبرنامہ انٹرنیشنل

ننگرہار، کارروائیوں میں داعش کے 24جنگجو ہلاک

کابل :(اے پی پی) افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں داعش کے 24جنگجو ہلاک ہوگئے،ہلمند میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں ایک امریکی فوجی ہلاک ہوگیا، امریکی اورافغان فورسز نے ہلمند میں طالبان کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے،جلال آباد میں قبائیلی عمائدین کی جانب سے زمینوں پرقبضے کے خلاف خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اٖفغان میڈیا کے مطابق ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ ننگرہار کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں داعش کے 24جنگجو ہلاک ہوگئے۔کارروائی میں داعش کے کئی ٹھکانوں کوتباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیاہے۔ننگرہار کے اضلاع کوٹ اورآچین میں شدت پسند تنظیم کے خلاف کئی ماہ سے کارروائیاں جاری ہیں اورافغان حکام نے ان علاقوں میں اب تک سینکڑوں شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ہلمند میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں ایک امریکی فوجی ہلاک ہوگیا۔امریکی فوج کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بارودی سرنگ کا دھماکہ لشکرگاہ شہر کے قریب ہواتھا جس میں ایک امریکی فوجی شدید زخمی ہوگیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی امریکی فوجی گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔دریں اثناء امریکی اورافغان فورسز نے ہلمند کے دارالخلافہ لشکر گاہ اورقریبی ضلع ناد علی میں طالبان کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔اس کارروائی میں فضائیہ بھی حصہ لے رہی ہے۔گورنر ہلمند کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک کارروائیوں میں متعدد طالبان ہلاک وزخمی ہوچکے ہیں۔دریں اثناء ننگرہا رکے شہر جلال آباد میں قبائیلی عمائدین کی جانب سے زمینوں پرقبضے کے خلاف خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔خواتین نے بینرزاورپلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔خواتین نے مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں خودسوزی کی دھمکی بھی دی۔