خبرنامہ انٹرنیشنل

ننگرہارمیں کارروائی میں داعش کے 7جنگجو ہلاک

کابل : (اے پی پی) مشرقی افغانستان میں جھڑپ کے دوران تین پولیس اہلکاروں سمیت 12عسکریت پسند ہلاک ہوگئے،ننگرہارمیں ایک کارروائی میں داعش کے 7جنگجو ہلاک ہوگئے، کنڑ میں ایک دھماکہ میں 10شہری زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ مشرقی صوبہ پکتیکا میں ایک جھڑپ کے دوران تین پولیس اہلکاروں سمیت 12عسکریت پسند ہلاک ہوگئے،جھڑپ میں ضلع آرگون کیلئے طالبان کے چیف بھی مارے گئے ہیں۔حکام نے اس جھڑپ میں تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔مشرقی صوبہ ننگرہارمیں ایک کارروائی میں داعش کے 7جنگجووں کی ہلاکت کا دعویٰ کیاگیاہے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی صوبہ کے علاقہ ہسکہ مینہ میں کی گئی ہے اور علاقہ کو داعش سے پاک کرنے کیلئے کارروائی اب بھی جاری ہے۔مشرقی صوبہ کنڑ میں ایک دھماکہ میں 10شہری زخمی ہوگئے۔یہ دھماکہ اسدآباد شہر کے ایک دومنزلہ عمارت میں ہوا ۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔لغمان میں ایک دھماکہ میں صوبائی کونسل کے سربراہ زخمی ہوگئے۔یہ دھماکہ مہترلام شہر میں ہوا۔حکام نے دھماکہ میں ایک شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔