لاہور: سابق بھارتی کرکٹراورموجودہ سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے آج پاکستان پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈر آج لاہور پہنچیں گے جس کے بعد شام 5 بجے تک ان کی اسلام آباد آمد متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کی آج رات نامزد وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
پاکستان کے 22ویں وزیراعظم کا انتخاب آج عمل میں لایا جائے گا اور نئے وزیراعظم کل ایوان صدر میں تقریب کے دوران صدر ممنون حسین سے اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تین بھارتی سابق کرکٹرز کو دعوت دی گئی تھی تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے ذاتی مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کی تھی۔
نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیے جانے کو اعزاز قرار دیا اور بھارتی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کے باوجود انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔