خبرنامہ انٹرنیشنل

نیتن یاہو نے افریقی مہاجرین کے متعلق اقوام متحدہ سے ہونے والا معاہدہ منسوخ کردیا

نیتن یاہو نے افریقی مہاجرین کے متعلق اقوام متحدہ سے ہونے والا معاہدہ منسوخ کردیا

تل ابیب(ملت آن لائن): اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ سے افریقی پناہ گزینوں کی ملک بدری سے متعلق ہونے والے معاہدے کو 24 گھنٹے بعد ہی منسوخ کردیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے یہ غیرمتوقع اعلان دائیں بازوں کے سیاست دانوں کے سخت دباؤ کے بعد کیا گیا، جبکہ اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کی ایجنسی کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم پر زور دیا گیا تھا کہ وہ اس معاملے پر نظرثانی کریں۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے اس فیصلے سے گزشتہ روز سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا، جس کے تحت اس معاہدے کو منسوخ کردیا گیا، جس کے تحت ہزاروں پناہ گزینوں کو اسرائیل میں رہنے کی عارضی طور پر اجازت دی گئی تھی،۔انہوں نے کہا کہ ایک طویل تبادلہ خیال کے بعد اس معاہدے کو ختم کیا۔
اسرائیل: افریقی مہاجرین کی ملک بدری کا منصوبہ منسوخ ہوگیا
یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل کا اقوام متحدہ سے معاہدہ ہوا ہے، جس کے تحت 16000 افریقی تارکین وطن کو کینیڈا، اٹلی، جرمنی، سمیت دیگر مغربی ممالک میں منتقل کیا جائے گا، جس کے بعد ہم نے ملک بدر کرنے کا منصوبہ منسوخ کردیا۔ جبکہ 16000 افریقی مہاجرین کو مغربی ممالک میں منتقل کرنے کے بعد دیگر سولہ ہزار افراد کو اسرائیل میں مستقل بنیادوں پر رہنے کے اجازت نامے دے دیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی حکام نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ اسرائیل میں موجود افریقی مہاجرین مارچ کے اختتام تک رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ اسرائیلی عدالت عالیہ نے حکومت کی جانب سے ہزاروں افریقی تارکِین وطن کو ملک بدر کرنے کے منصوبے کو متنازع قرار دے کر معطل کرچکی ہے۔